بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ایزی پیسہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل بینک بن گیا۔ اسٹیٹ بینک نے ایزی پیسہ کو باقاعدہ کمرشل آپریشنز کے لیے منظوری دے دی

ایزی پیسہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل ریٹیل بینک بن گیا ہے۔ 28 جنوری 2025 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کراچی میں منعقدہ لائسنسنگ تقریب میں ڈیجیٹل بینکوں کے لیے لائسنسنگ اور ریگولیٹری فریم ورک کے تحت ایزی پیسہ کو باقاعدہ ڈیجیٹل بینکنگ آپریشنز شروع کرنے کے لیے کمرشل منظوری دی گئی۔

اس منظوری کے ساتھ ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک ”مائیکرو فنانس بینک“ سے تبدیل ہوکر ”ڈیجیٹل ریٹیل بینک“ بن گیا ہے، اور اب یہ ”ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک“ (رجسٹرڈ ”ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ“) کے نام سے کام کرے گا۔

پاکستان کے پہلے برانچ لیس موبائل منی ٹرانسفر سلوشن سے لے کر پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل بینک بننے تک، ایزی پیسہ کے اس سفر میں مالیاتی خدمات میں انقلابی تبدیلیوں نے صارفین کو مکمل آن لائن بینکنگ سہولت فراہم کی ہے۔ صارفین کو روایتی بینکوں کی برانچوں میں جانے کی زحمت سے بچانے کے لیے ایزی پیسہ بینک ڈیجیٹل مالیاتی رسائی اور جدت میں اہم تبدیلی کی علامت ہے۔

ایزی پیسہ کے 50 ملین رجسٹرڈ صارفین ہیں، جن میں ہر چار میں سے ایک بالغ پاکستانی شامل ہے، اور اس میں خواتین صارفین کی تعداد 31 فیصد ہے۔ 2024 میں ایزی پیسہ کے ذریعے 2.7 ارب ٹرانزیکشنز کی گئیں جن کی مالیت 9.5 کھرب روپے (پاکستان کی جی ڈی پی کا تقریباً 9 فیصد) ہے۔ یہ اعداد و شمار پاکستانی مالیاتی نظام کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے ایزی پیسہ کی مستحکم پوزیشن کا ثبوت ہے۔

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ چیئر عرفان وہاب خان نے کہا کہ ”یہ ایک تاریخی سنگ میل ہے جو ایزی پیسہ کے بطور رہنما کردار کو مستحکم بناتا ہے۔ ایزی پیسہ اب ملک کا پہلا ڈیجیٹل ریٹیل بینک بن گیا ہے۔ یہ کامیابی ہمارے بورڈ کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے، جسے ریگولیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ ہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور اپنی غیرمعمولی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ سب سے بڑھ کر ہمارے صارفین، جن کا اعتماد اس کامیابی کی بنیاد ہے۔ مستقبل میں ہم پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت پر موثر کردار ادا کرنے، مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے، اور لاکھوں پاکستانیوں کو بااختیار بنانے کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو وسعت دینے کے عزم پر قائم ہیں۔“

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ کے ڈائریکٹر، Ant انٹرنیشنل کے صدر اور Ant گروپ کے سینئر نائب صدر ڈگلس فیگن نے کہا کہ ”ایزی پیسہ کا ڈیجیٹل بینک میں تبدیل ہونا پاکستان کے مالیاتی خدمات کے منظرنامے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ Ant گروپ تبدیلی کے اس سفر میں مزید تعاون کرنے، لاکھوں پاکستانیوں کو خودمختار بنانے، مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور ملک میں اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔“

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے سی ای او اور صدر جہانزیب خان نے کہا کہ ”ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی تکمیل ہمارے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ ہم معاونت کرنے والے بورڈ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کی قیمتی رہنمائی اس سنگ میل کے حصول میں اہم رہی۔ پوری ٹیم نے ہمارے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انتھک محنت کی۔ ہم صرف ڈیجیٹل بینکنگ کا آغاز نہیں کررہے، بلکہ لاکھوں صارفین کو بینکنگ تک بے مثال رسائی فراہم کررہے ہیں۔ اب وہ اپنی انگلیوں کے ذریعے جامع بینکنگ خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ ہم ڈیجیٹل مالیاتی سلوشنز کے میدان میں مسلسل جدت کے ساتھ پاکستان میں بینکنگ کو نئی شکل دینے کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔“

اشتہار
Back to top button