موجودہ حکومت پیپلز پارٹی کی حمایت کی وجہ سے چل رہی ہے، گورنر پنجاب
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کا تجربہ مایوس کن ہے، اس بار تجربے کی ناکامی کی صورت میں ہمیشہ کے لیے راہیں جدا کرلیں گے۔نجی تنظیم کے وفد سے ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت پیپلز پارٹی کی حمایت کی وجہ سے چل رہی ہے، جلد بازی میں کیے گئے حکومتی فیصلے اکثر حکومت کے لیے مشکلات کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی ہونے کے باوجود ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کا تجربہ مایوس کن ہے، اگر اس دفعہ تجربہ ناکام ہوگا تو ہمیشہ کے لیے راہیں جدا کرلیں گے۔گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک کی ذمہ دار دونوں جماعتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، یو ایس اے تنظیم کا انسانیت کی بھلائی کے لیے کام کرنا قابل تحسین اقدام ہے، انسانیت کی خدمت کرنے والی تنظیموں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، اپنی زندگیوں کو نوع انسانی کے لیے وقف کرنے والے عظیم لوگ ہیں۔