سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی ہلاک
ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی ہلاک ہوگئے، مارے گئے دہشت گردوں میں رنگ لیڈر عزیر الرحمٰن عرف قاری اسمٰعیل بھی شامل ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔
ہلاک خوارج میں رنگ لیڈر عزیزالرحمٰن عرف قاری اسماعیل بھی شامل ہے جبکہ رنگ لیڈر مخلص بھی سیکورٹی فورسز سے مقابلے میں مارا گیا۔واضح رہے کہ 2 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ 22/23 جنوری کی رات کو خارجی دہشت گردوں کا ایک گروپ پاکستان-افغانستان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں ٹریس کیا اور مؤثر طریقے سے خارجی دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کی عبوری حکومت سے یہ مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ سرحد پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے توقع ظاہر کی گئی تھی کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کا استعمال نہیں کرنے دے گی۔