پاکستان سمیت دنیا دیگر ممالک کی ٹرمپ کو صدارت کا حلف اٹھانے پر مبارکباد

امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت عہدہ سنبھالنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو اتحادی ممالک سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کے پیغام دیے جارہے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت عہدہ سنبھالنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم اور صدر پاکستان نے بحیثیت صدر کامیابی کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں پاکستان اور امریکا کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا نے خوشحالی و امن کے لیے ہمیشہ مل کر کام کیا، قیام امن کے حصول کے لئے اشتراک کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’میں ایک بار پھر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ دونوں ممالک کو فائدہ ہو اور دنیا کے لیے ایک بہتر مستقبل تشکیل دیا جا سکے‘۔

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدیوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تعاون اور پائیدار شراکت داری پر مبنی رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ اور امریکا ’بحر اوقیانوس کے دونوں اطراف کے لوگوں‘ کے لیے مل کر کام کریں گے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تعلقات آنے والے برسوں میں بہتر سے بہتر ہوں گے۔

جرمن چانسلر اولاف شولز نے عہدہ سنبھالنے پر ٹرمپ کو مبارک باد دی، ان کا کہنا تھا کہ امریکا ہمارا قریب ترین اتحادی ہے اور ہماری پالیسی کا مقصد ہمیشہ اچھے ٹرانس اٹلانٹک تعلقات ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ٹرمپ کو امریکا کے47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد دینے کے لیے ویڈیو بیان ریکارڈ کیا۔

اپنے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ’ہم آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امریکی عوام کو امریکا کے صدر کی حیثیت سے آپ کی دوسری حلف برداری پر نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی مدت میں دونوں ممالک کے درمیان ’اتحاد تاریخی بلندیوں‘ پر تھے اور مجھے یقین ہے کہ ایک بار پھر مل کر کام کرتے ہوئے ہم امریکا اسرائیل اتحاد کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے صدر ٹرمپ کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’باہمی تعاون‘ کے لیے انتظار کررہے ہیں، صدر ٹرمپ ہمیشہ فیصلہ کن ثابت ہوتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ نے جن طاقت ور پالیسوں کا اعلان کیا ہے وہ امریکی قیادت کو مضبوط بنانے اور طویل مدتی اور منصفانہ امن کے حصول کا موقع فراہم کرتا ہے۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’مبارک ہو صدر ٹرمپ، کینیڈا اور امریکا کے درمیان دنیا کی کامیاب ترین اقتصادی شراکت داری ہے جب کہ ہمارے پاس ایک بار پھر مل کر کام کرنے کا موقع ہے تاکہ دونوں ممالک کے لیے مزید ملازمتیں اور خوشحالی پیدا کی جاسکے۔

Exit mobile version