ملتان ٹیسٹ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دیدی

ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان کے 251 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار رہی، پاکستان کے اسپنرز نے ایک بار پھر اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے مہمان ٹیم کے بیٹرز کو چکرا کر رکھ دیا، کپتان کریگ بریتھ ویٹ 12، میکوئل لوئس 13، کیچ کارٹی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن میں صرف ایلک ایتھناز ہی مزاحمت کرسکے جنہوں نے 55 رنز بنائے، اس کے علاوہ کوئی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا، آف اسپنر ساجد خان نے ایک بار پھر تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرابر احمد بھی 4 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔اس سے قبل تیسرے دن کھیل کا آغاز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز سے کیا تاہم 5 ویں وکٹ پہلی گیند پر ہی گر گئی جب سعود شکیل 2 رنز بنا پویلین لوٹے۔

محمد رضوان 2، سلمان آغا 14، نعمان علی 9 اورساجد خان 5 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، خرم شہزاد بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہوئے، اسپنر جومیل واریکن نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔دوسری اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے محمد حریرہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ سابق کپتان بابراعظم ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، وہ صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ 52 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔

Exit mobile version