الف اردو کے زیر اہتمام پہلے عشق آباد مشاعرہ کا انعقاد

،، الف اردو ،، کے زیر اہتمام پہلے عشق آباد ،، مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔جس کی صدارت جناب افتخار عارف نے کی جبکہ مہمان خصوصی عباس تابش تھے اس مشاعرے کا اہتمام ڈاکٹر وقار خان کی ادبی تنظیم ،، الف اردو ،، نے سرگودھا آرٹس کونسل کے اشتراک سے کیا۔

سرگودھا میں پہلی بار کسی ادبی تنظیم نے اس سطح کے مشاعرہ کا انعقاد کیا جس میں عہد حاضر کے نامور شعراء کرام کے ساتھ ساتھ مقامی شعراء نے بھی اپنا کلام سنایا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر وقار خان کا کہنا تھا کہ میں خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ سرگودھا میں پہلی بار عشق آباد کا مشاعرہ ہو رہا ہے انشاءاللہ اس نوعیت کے پروگرام ہوتے رہیں گے۔ صاحب صدارت جناب افتخار عارف کا کہنا تھا کہ سرگودھا ادبی حوالے سے اپنی ایک الگ شناخت رکھتا ہے میں بہت مدت کے بعد سرگودھا آیا ہوں لیکن جب بھی یہاں آیا ہوں محبتیں ہی سمیٹی ہیں۔

جناب عباس تابش نے کہا کہ سرگودھا کے لوگ بہت محبت کرنے والے اور اعلی ا ظرف ہیں۔ سرگودھا کی ادبی حیثیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جا سکتا۔ یہاں کے شعراء و ادباء اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں۔ سرگودھا کے شعراء کو چاہئیے کہ وہ ڈاکٹر وقار خان کی کاوشوں میں اس کا ساتھ دیں تاکہ سرگودھا کی ادبی شان و شوکت میں مزید نکھار آئے ۔ معروف شاعر وصی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی جنم بھومی سے پیار ہے سرگودھا میرا فخر ہے۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل سرگودھا جناب اسد احمد نے کہا کہ میری کوشش رہی ہے آرٹس کونسل کو آباد کیا جائے اور مختلف نوعیت کے پروگرام تواتر سے ہوتے رہیں مجھے اکثر چھوٹی چھوٹی خوشیاں ملتی رہی ہیں لیکن آج سب سے بڑی خوشی ملی ہے سرگودھا میں بہت عرصہ کے بعد اس سطح کا مشاعرہ منعقد ہوا ہے ڈاکٹر وقار خان اور ،،الف اردو ،، مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ایسے شاندار مشاعرے کا اہتمام کیا۔

دیگر شعراء میں ڈاکٹر افتخار فیصل ، شکیل جاذب ، صوفیہ بیدار ، صائمہ آفتات ، افضل گوہر ، توقیر احمد شریفی ، عدنان بیگ، عمران عامی، خالد ندیم شانی ، منزہ انور گوئیندی ، خرم آفاق ، عاطف یاسر ، فیضان ہاشمی ، ارشد محمود ارشد ، عمیر مشتاق ، حمیرا شاہین ، ابرار احمد ، اور منور سعد نے اپنا کلام سنایا اور سامعین سے خوب داد وصول کی۔

شدید سرد موسم کے باوجود کثیر تعداد میں شعراء و ادباء اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی معتبر شخصیات نے بطور سامع شرکت کی۔

بعد از مشاعرہ شعراء اور دیگر احباب کے اعزاز میں ڈاکٹر وقار خان کی طرف سے عشائیہ کا پرتکلف اہتمام بھی تھا اور نہ صرف دوسرے شہر سے آئے شعراء بلکہ مقامی شعراء کو بھی معقول اعزازیہ دیا گیا۔

Exit mobile version