بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف کا مسلم ورلڈ لیگ کے مقاصد اور اہداف کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

 وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی میں مسلم ورلڈ لیگ کی حمایت کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے اس اشتراک کی پائیداری اور افادیت کو اجاگر کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ کانفرنس سے عالمی سطح پر پیغام جائے گا کہ مسلم دنیا لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعظم نے عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے میں تنظیم کے تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے مسلم ورلڈ لیگ کے مقاصد اور اہداف کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کا پاکستان میں سیرت میوزیم کے قیام کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا اور کہا امید ہے کہ مسلم دنیا کا یہ اہم منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل بالخصوص سیرت میوزیم کے قیام کے لیے کام جاری رکھے گا۔

سیکرٹری جنرل نے بین الاقوامی کانفرنس کے شاندار انتظامات اور تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، سیکرٹری جنرل نے مسلم دنیا کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ کانفرنس کے اختتام پر متفقہ "اسلام آباد ڈیکلریشن” جاری کیا جائے گا جو خواتین کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، کانفرنس میں دنیا بھر سے مختلف مکاتب فکر کے جید علماء، سکالرز اور ماہرین تعلیم حصہ لے رہے ہیں۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کانفرنس خواتین کی تعلیم اور اسلامو فوبیا جیسے موضوعات بارے غلط فہمیاں دور کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیر اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی مذمت کی۔وزیراعظم نے صورتحال کی بہتری کیلئے عالمی دنیا کے مؤثر کردار کی اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے۔ملاقات میں وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین، معاون خصوصی سید طارق فاطمی سمیت پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

اشتہار
Back to top button