اسلام آباد (سی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال پولیو کے 60 کیسز سامنے آنے کو انتہائی تشویشناک اور حکومت کے لیے چیلنج قرار دیا ہے۔پرائم منسٹر ہاؤس میں بچوں کو ویکسین پلا کر سال کی آخری انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پولیو کے مرض کو ملک کی سرحدوں سے نکال باہر کرنے کےلیے پُرعزم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پولیو کے 60 کیسز سامنے آنا انتہائی تشویشناک اور حکومت کے لیے چیلنج ہے ۔شہباز شریف نے والدین سے اپیل کی کہ والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں ۔اُن کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں تعاون پر بین الاقوامی شراکت داروں کے شکر گزار ہیں، سعودی عرب، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور ڈبلیو ایچ او کا تعاون قابل ستائش ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ صوبوں کےساتھ مل کر پولیو کے خلاف جنگ جیتیں گے، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے سعودی ولی عہد کا کردار قابل قدر ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پولیو جنگ میں شریک تمام پارٹنر کو خوش آمدید کہتا ہوں، بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم میں شامل کارکنوں کے شکر گزار ہیں، انسداد پولیو مہم میں تعاون پر لاء انفورسمنٹ کے شکر گزار ہیں۔