سکیورٹی فورسز کے 3 آپریشنز میں 22 خوارجی ہلاک، 6 جوان شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 3 آپریشنز میں 22 خارجی دہشت گرد جہنم واصل جبکہ 6 جوان وطن پر قربان ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ٹانک کے علاقہ گل امام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں ایک اور کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے 10 خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع تھل میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، کارروائی کے دوران 3 خارجی ہلاک کر دیئے گئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار محمد خالد شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے اور عمر 39سال ہے، نائب صوبیدار محمد خالد شہید نے 22سال سے زائد دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، شہید کے سوگواران میں والد اور اہلیہ شامل ہیں۔
35 سالہ حوالدار جدید علی شہید کا تعلق ضلع اورکزئی سے ہے، حوالدار جدید علی شہید نے 17 سال سے زائد پاک فوج میں گزارے، حوالدار جدید علی شہید کے سوگواران میں والد اور اہلیہ شامل ہیں۔
28 سالہ لانس نائیک ولائت حسین شہید ضلع کرم کے رہائشی ہیں، لانس نائیک ولائت حسین شہید نے 9 سال تک وطن عزیزکی حفاظت کی، لانس نائیک ولائت حسین شہید کے سوگواران میں والد اور اہلیہ شامل ہیں۔
30 سالہ لانس نائیک صفت اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے، لانس نائیک صفت اللہ شہید نے 7 سال پاک فوج میں گزارے، لانس نائیک صفت اللہ شہید کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔
27 سالہ لانس نائیک شہید رحمان شہید کا تعلق کرم سے ہے، لانس نائیک شہید رحمان شہید نے 8 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا، لانس نائیک شہید رحمان شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔
27 سالہ سپاہی نظام الدین شہید کا تعلق ساؤتھ وزیرستان سے ہے، سپاہی نظام الدین شہید نے 5 سال پاک فوج میں گزارے، سپاہی نظام الدین شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔