قومی
9 مئی مقدمات، جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی قیادت کو گناہ گار قرار دیدیا
9 مئی کے مختلف مقدمات میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے پی ٹی آئی قیادت کو گناہ گار قرار دیدیا۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے مقدمات پر سماعت کی، جے آئی ٹی نے سانحہ نو مئی کے مختلف مقدمات میں تفتیش مکمل کر کے رپورٹ عدالت پیش کر دی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے نو مئی کو عوام کو اکسایا، اسد عمر، اعظم سواتی اور حافظ فرحت عباس سمیت دیگر ملزمان گناہ گار ہیں۔دوران سماعت عدالت نے ملزمان کے وکلاء سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آپ کہہ رہے تھے کہ تفتیش مکمل کریں اب ہو گئی ہے تو بحث کریں، آپ بتا دیں تاریخ چاہیے۔بعدازاں عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو 9 مئی کے مختلف مقدمات میں دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر 14 جنوری کو طلب کر لیا۔