سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آئندہ ہفتے کے لیے اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کر دیے
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آئندہ ہفتے کے لیے اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کر دیے ہیں۔ مقدمات میں سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے اور 8 فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق بانئ پی ٹی آئی کی درخواستیں بھی شامل ہیں جن کی سماعت 11 دسمبر کو ہو گی۔
بانئ پی ٹی آئی کی 9 مئی سانحہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست پر سماعت بھی 10 دسمبر کو ہو گی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت بھی 11 دسمبر کو ہو گی۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف درخواستیں 12 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔
صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس 9 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل سے متعلق درخواستیں بھی 9 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔
بانئ پی ٹی آئی کے خلاف 25 مئی کے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کیس 10 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے خلاف درخواست پر سماعت بھی 10 دسمبر کو ہو گی۔