دوسرا چار روزہ میچ : پاکستان شاہینز پہلی اننگز میں287 رنز بناکر آؤٹ ۔

پاکستان شاہینز ، سری لنکا اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 287 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا اے نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 157 رنز بناکر 180 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے۔
سری لنکا اے کو دوسرے ہی اوور میں پولیندو پریرا کا نقصان اٹھانا پڑا جو5 رنز بناکر احمد بشیر کی گیند پر وکٹ کیپر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ احمد بشیر اور غازی غوری کے اشتراک نے وکرما سنگھے کو بھی15 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔سری لنکا کی تیسری وکٹ 28 رنز پر گری جب کاشف علی نے 6 رنز بنانے والے دھنن جایا کو غازی غوری کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ کپتان سوریا بندارا 11 رنز بناکر حسین طلعت کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو سری لنکا اے کا اسکور 4 وکٹوں پر46 رنز تھا۔

سونال دنوشا اور پون رتنائیکے پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 111 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔ رتنائیکے نے 64 رنز بنائے ہیں جس میں 6 چوکے شامل ہیں ۔ پہلی اننگز میں 85 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کرنے والے دنوشا 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔احمد بشیر نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔اس سے قبل پاکستان شاہینز نے 212 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی اور اسکور میں 75 رنز کا اضافہ کرسکی۔

حسین طلعت اپنے گزشتہ روز کے اسکور 18 میں صرف7 رنز کا اضافہ کرکے دنوشا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ غازی غوری کو 15 رنز پر ساہن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔احمد صفی عبداللہ پانچ چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر ساہن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔انہوں نے کاشف علی کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں53 رنز کا اضافہ کیا۔ساہن نے کاشف علی کو 14 رنز پر آؤٹ کرکے اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔خرم شہزاد بیٹنگ کے لیے نہ آسکے۔ فیلڈنگ کے دوران گیند ان کے دائیں ہاتھ پر لگی تھی اور وہ اس میچ میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے۔ونوجا ساہن نے 27 اوورز میں 74 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

Exit mobile version