ایزی پیسہ کا بڑا اقدام: سال بھرمیں 310 ملین روپے کے عطیات کی فراہمی میں سہولتکاری

اسلام آباد(سی این پی )ایزی پیسہ نے سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے 30 ستمبر 2024 تک اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے 310 ملین روپے کے عطیات کے لیے سہولت فراہم کی، جن میں رمضان المبارک کے دوران 91 ملین روپے کی قابل ذکر رقم بھی شامل ہے۔ اجتماعی عمل کے معاشرے پر گہرے اثرات پر یقین رکھتے ہوئے ایزی پیسہ نے اَیپ کے ذریعے صارفین کے ہر 20 روپے کے عطیہ پر 1 روپے کا عطیہ دے کر 4.5 ملین روپے کا حصہ ڈالا، جس سے رمضان کے دوران دیے گئے عطیات میں نمایاں اضافہ ہوا۔

یہ عطیات شوکت خانم، ایدھی فاؤنڈیشن، الخدمت فاؤنڈیشن، مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن اور اخوت فاؤنڈیشن جیسے معتبر فلاحی اداروں کو دیے گئے۔ ان رقوم سے ضرورت مند افراد کو اپنی ضرویات زندگی پوری کرنے میں مدد ملی۔

ایزی پیسہ کے پلیٹ فارم پر 50 سے زائد فلاحی شراکت دار تھے اور ایزی پیسہ کے اس اقدام کے نتیجے میں جمع شدہ عطیات میں سالانہ بنیادوں پر 75 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس دوران 2 لاکھ 68 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ مزید برآں اَیپ کے ذریعے عطیہ دینے والے صارفین کی تعداد 74فیصد بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں رمضان 2023 کے مقابلے میں رمضان 2024 میں ٹرانزیکشنز میں 51 فیصد اضافہ ہوا۔

ایزی پیسہ والٹ بزنس کے سربراہ فرہان حسن نے کہا ”یہ حقیقت کہ پاکستانیوں نے رواں سال 310 ملین روپے کے عطیات کے لیے ایزی پیسہ کا انتخاب کیا ہے، جو صارفین کے ہم پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ یہ ریکارڈ اعداد و شمار نہ صرف ہماری قوم کی سخاوت کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ ہمارے پلیٹ فارم کے آسان اور قابل بھروسہ ہونے کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ ہم اپنے شراکت داروں اور صارفین کا تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اور ٹیکنالوجی و اشتراک کے ذریعے معاشرے کے لیے مثبت اثرات ڈالتے رہیں گے۔“

ٹی ایم بی/ ایزی پیسہ کے ہیڈ آف گروتھ اینڈ اینالیٹکس ہانی حیدر نے کہا ”ہم اپنے صارفین کی جانب سے ملنے والے اس شاندار ردعمل پر بہت خوش ہیں۔ عطیات میں اضافہ نہ صرف ہمارے پلیٹ فارم پر لوگوں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اپنی کمیونیٹیز میں تبدیلی لانے کے لیے عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ عطیات میں شراکت داری بڑھانے اور انہیں ضرورت مندوں تک پہنچانے کے لیے ہم اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کریں گے۔ ہمارا ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ عطیات کی آسان رسائی اور شفاف طریقے سے ٹریکنگ صارفین کو باقاعدگی سے عطیات دینے کی ترغیب دیتی ہے۔ ہم ان صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں گے تاکہ اس سے بھی زیادہ مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔“

عطیات میں ایزی پیسہ کے کردار کو سراہتے ہوئے فلاحی شراکت داروں نے کہا کہ ایزی پیسہ نے عطیات کو ڈیجیٹلائز کرکے لاکھوں پاکستانیوں کو آسانی اور سہولت کے ساتھ عطیات دینے کا موقع فراہم کیا ہے، جس سے ان لوگوں کی زندگیوں پر دیرپا اثرات مرتب ہوئے ہیں جو اس کے سب سے زیادہ مستحق تھے۔

45 ملین رجسٹرڈ اکاؤنٹس اور 15 ملین سے زائد ماہانہ فعال صارفین کے ساتھ ایزی پیسہ کے ترقی کا شاندار سفر جاری ہے۔ ہر چار میں سے ایک بالغ پاکستانی ایزی پیسہ اکاؤنٹ استعمال کررہا ہے۔ یہ صرف نقطہ آغاز ہے۔ ٹیکنالوجی اور شراکت داری کے ذریعے ایزی پیسہ مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور لاکھوں پاکستانیوں کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

Exit mobile version