متحدہ مجلس علماء جموں کشمیر ہر تحصیل وضلعی سطح پر اتحاد ملت، اصلاح معاشرہ وسماج میں مختلف برائیوں کے خلاف اجلاسوں کا انعقاد کریں، عبدالصمد انقلابی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ جناب پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس علماء جموں کشمیر کو چا ہئے کہ ہر تحصیل اور ضلعی سطح پر اتحاد ملت، اصلاح معاشرہ اور سماج میں مختلف برائیوں کے خلاف اجلاسوں کا انعقاد کریں، ان باتوں کا اظہار پیر عبدالصمد انقلابی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو جن سخت مشکل حالات سے گزرنا پڑتا ہے، ان حالات کا ناگزیر تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کا سماج جس ابتر صورتحال سے دوچار ہے اور ایک طرف منشیات، نشہ آور چیزیں، شراب اور متعدد سماجی بیماریوں نے پورے جموں کشمیر کے سماج کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور دوسری طرف چند موقعہ پرست عناصر یہاں جموں کشمیر کی مسلکی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو زک پہنچانے کی مذموم کوششوں میں لگے ہیں۔

پیر عبدالصمد انقلابی نے ان تمام برائیوں اور عوامل کے خلاف جموں کشمیر میں جناب میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق صاحب کی قیادت میں متحدہ طور پر جدوجہد اور اس حوالے سے جناب میرواعظ صاحب کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناب میرواعظ صاحب نے سماجی برائیوں کے خلاف جس ریاست گیر مہم کا آغازکیا ہے وہ ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے اور جموں کشمیر کی تمام دینی ، سیاسی ، ملی اور سماجی تنظیموں کے سربراہوں اور ائمہ حضرات اور علمائے کرام کو چاہئے کہ وہ اپنی اپنی سطح پر سماج کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا تعاون دیں۔

عبدالصمد انقلابی صاحب نے کہا ہے کہ من حیث القوم ہم جموں کشمیر کے لوگ آج کل جن شدید مسائل ، مصائب اور سخت مشکلات سے دوچار ہیں ان کا تقاضا ہے کہ ہم جموں کشمیر کے لوگوں کو اتحاد و اتفاق کے علم کو تھامے رکھیں اور شر پسند عناصر کے ہر عزائم کو ناکام بنائیں اور نامراد بنائیں گے۔(ان شاء اللہ تعالیٰ)

Exit mobile version