مسعود خان کی پاکستان میں اقرا فنڈ مشن کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکی خاتون جنیویو واش کی اقرا فنڈ کی جانب سے پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا جذبہ اور مشن واقعی متاثر کن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاس ویگاس نیواڈا سے تعلق رکھنے والے امریکی شہری جینیویو واش سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں مسعود خان نے کہا کہ آپ پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان دوستی کی علامت ہیں۔ سفیر پاکستان نے مشن کو جاری رکھنے کے لیے محترمہ جینی ویو واش کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر اقرا فنڈ کے سی ای او اور شریک بانی، امریکی خاتون جنیو یو واش نے کہاکہ اقرا فنڈ شمالی علاقہ جات میں مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ تمام طلبا، خاص طور پر طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ اگر لڑکیوں کو تعلیم میسر ہو تو کمیونٹیز ترقی کرتی ہیں، قومیں پھلتی پھولتی ہیں اور مجموعی طور پر معاشرے کا معیار بہتر ہوتا ہے۔واش نے کہا کہ انہوں نے 2005 کے تباہ کن زلزلے ، جس میں اسی ہزار افراد لقمہ اجل بنے تھے کے دو سال بعد 2007 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا ۔

انہوں نے اقرا نامی ایک 13 سالہ لڑکی سے متاثر ہو کر، جس نے زلزلے کے بعد زندہ بچ جانے والے بچوں کو پڑھانے کے لیے ایک خیمہ سکول قائم کیا تھا، اپنی تنظیم کا نام ‘اقرا فنڈ’ رکھا۔ اس کا مقصد شمالی پاکستان کے دور دراز پہاڑی علاقے میں اعلی معیار کے اسکول قائم کرنا اور ان کا نظام چلانا تھا۔

محترمہ وا ش نے کہا کہ 2011 سے اب تک حکومتی شراکت داری سے غیر فعال سرکاری اسکولوں کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ بیس سکول قائم کیے گئے ہیں جن میں علاقے کی 234 مقامی خواتین کوشامل کیا گیا ہے۔ تنظیم نے اب تک 94 اساتذہ کو بھرتی کیا ہے جنہیں سکول اور کمیونٹی لیڈرز کے طور پر تربیت اور رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔تنظیم نے اب تک 4098طلبا کو اسکولوں میں داخل کیا ہے جس میں 26 معذور طلبا بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ستر خواتین کو سکالرشپ دیا گیا ہے ۔

Exit mobile version