ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نےکہا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور ابھی ہمارا مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستانی مشن ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور امریکی انتظامیہ سے رابطے میں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کی حالیہ رپورٹ پاکستان کے زمینی حقائق سے چشم پوشی ہے، یہ طریقہ کار مزید بہتر ہوسکتا ہے اگر اس میں دہرے معیارات کو مدنظر نہ رکھا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے غزہ میں امدادی کارواں پر حملےکی پاکستان مذمت کرتا ہے، کئی ماہ سے اسرائیل غزہ کے عوام پر بمباری کر رہا ہے، انہوں نے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور عوام کو قحط میں دھکیل دیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کی جانب سے مقبوضہ کشمیرپر مؤقف کی توثیق کو سراہتا ہے، اجلاس نے بھارت کو 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیا، پاکستان او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتا ہے، پاکستان کشمیری بہنوں بھائیوں کی اخلاقی،سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھےگا، پاکستانی مشن ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور امریکی انتطامیہ سے رابطے میں ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گرد افراد و تنظیموں سے درپیش خطرات پر شدید تحفظات ہیں، پاکستان اپنی سرزمین کو درپیش خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کی حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کر سکتے، پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی مذاکرات جاری ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چاند پر جانے والا مشن پاکستانی سائنسدانوں، محققوں اور طلبا کی محنت تھی۔