افغانستان نے اسرائیل پر ایرانی حملوں کو جائزہ قرار دیدیا

اسرائیل کے خلاف ایرانی جوابی کارروائی پر افغان حکومت کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ایک بیان میں افغان وزارت خارجہ نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کو جائز قرار دیا ہے۔ افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ شام میں ایرانی قونصلیٹ پرحملےکا ایرانی جواب جائز دفاعی عمل ہے۔

افغان وزارت خارجہ کے مطابق  ایرانی قونصلیٹ پریکم اپریل کا اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی تھا۔افغان وزارت خارجہ نےکہا ہےکہ دنیا کشیدگی بڑھنے سے روکنےکے لیے صیہونی ریاست کے جرائم کو روکے۔خیال رہے کہ ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل پر 300کے قریب ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔

ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیلی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ تہران اسرائیل میں 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا، اسرائیلی فضائی اڈے کو  خیبر میزائلوں سے ٹارگٹ کیا گیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے 300 ڈرونز اسرائیلی علاقوں تک پہنچے، زمین سے زمین پر مار کرنے والے درجنوں ایرانی میزائلوں میں سے کچھ میزائلوں سے اسرائیل میں حملہ ہوا ہے۔اسرائیلی فوجی ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ ایرانی ڈرونز سے جنوبی اسرائیل میں فوجی اڈے کو نقصان پہنچا اور اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے میں ایک لڑکی زخمی ہوئی، خطرات ابھی ٹلے نہیں ہیں اور فورسز خطرات کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

Exit mobile version