پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ ن کے سیدال خان ناصر بلامقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے ہیں اور دونوں نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا۔قبل ازیں نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سینیٹ کا اجلاس ہوا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن دوپہر ساڑھے 12 بجے ہوگا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے کاغذات کی سکروٹنی سوا 11 بجے ہو گی لہٰذا کاغذات 11 بجے سے قبل سیکرٹری سینیٹ آفس میں جمع کرائیں۔
چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدواریوسف رضا گیلانی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی اتحاد کے امیدوار سیدال خان ناصرنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ دونوں امیدواروں کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔بعد ازاں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اور (ن) لیگ کے سردار سیدال خان بلا مقابلہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے اپنی نشست سنبھال لی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر سے حلف لیا۔