اسلام آباد کی مقامی عدالت نے حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور شاہ محمود قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے تھانہ کورال میں درج مقدمے کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ 26مئی 2022 کو تھانہ کورال میں درج مقدمے میں عدم ثبوتوں کی بنا پر تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان اور علی نواز اعوان کو بری کیا جاتا ہے۔اس حوالے سے کہا گیا عدالت پہلے ہی حقیقی ازادی مارچ کے اس مقدمے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بری کر چکی ہے۔
عدالت نے حکمنامے میں مزید کہا کہ طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔عدالت نے کہا کہ کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے 20 مئی کو مقرر کیا جاتا ہے۔