چین کے مشرقی صوبے جیانگ سو کے شہر یانگ ژونگ سے تعلق رکھنے والے ماہر ماحولیات سن تاؤ نے اپنے گھر کے قریب ماحول دوست چارجنگ فراہم کرنے والی پارکنگ میں اپنی الیکٹرک کار چارج کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس کار پارکنگ کا رقبہ 180 مربع میٹر ہے جو ایک مقامی مائیکروگرڈ منصوبے سے منسلک اور شمسی توانائی اور توانائی ذخیرہ کرنے کی سہولیات سے لیس ہے۔ ماحول دوست ذرائع سے حاصل کردہ بجلی بنیادی طور پر الیکٹرک گاڑیوں کو چارج کرنے میں استعمال کی جاتی ہے.
سن نے کہاکہ اس منصوبے سے نئی توانائی کی گاڑیوں کو چارج کرنے اور روایتی توانائی پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی جس سے کاربن اخراج میں مزید کمی ہوگی۔
چین نے حالیہ برسوں میں نئی توانائی گاڑیوں کے شعبے میں غیرمعمولی ترقی کی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین مسلسل 9 برس سے نئی توانائی گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت میں دنیا میں سرفہرست ہے۔ 2023 تک زیراستعمال نئی توانائی گاڑیوں کی تعداد بڑھ کر 2 کروڑ 4 لاکھ 10 ہزار ہوچکی تھی۔
چین کی قومی توانائی انتظامیہ کے مطابق الیکٹرک کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر چین نے نئی توانائی گاڑیوں کی چارجنگ سہولیات میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا جو 2023 کے اختتام پر گزشتہ برس کی نسبت 65 فیصد اضافے سے 86 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئیں۔
اسٹیٹ گرڈ جیانگسو الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ کے مطابق جیانگسو میں ملک کا پہلا اسمارٹ الیکٹرک وھیکل چارجنگ اور بیٹری سوئپنگ زون قائم کیا گیا جس میں تقریباً 1 ہزار 300 چارجر موجود ہیں ،یہاں ذہین الگورتھم کی مدد سے چارجنگ کے لئے اوسط ماہانہ انتظار کا وقت تقریباً 50 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
نئی توانائی گاڑیوں کے شعبے میں ترقی گاڑیوں سے کاربن اخراج کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ ماحول دوست توانائی کی جانب منتقلی میں چین کے عزم کی مثال ہے۔