وزیراعظم کا جی ایچ کیو کا دورہ، قومی سلامتی اور فوجی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی

 وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جس میں انہیں قومی سلامتی اور فوجی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق  وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم کابینہ ارکان کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کی یادگار پر پھول رکھے اور  شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے عسکری قیادت سے قومی سلامتی،علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں پر بات چیت کی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو موجودہ سکیورٹی ماحول اور خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا جبکہ سویلین اور فوجی قیادت کا قومی مفادات کو برقرار رکھنے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں یقینی بنانے کیلئے تمام درکار وسائل دے گی،پاکستان کا پرامن عروج یقینی بنانے کیلئے مسلح افواج کے کردارکی اہمیت کو کم نہیں کیا جاسکتا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ  پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی، پاک فوج پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی۔آرمی چیف نے دورے اور فوج پر اعتماد کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version