سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو کروانے کا اعلان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو کروانے کا اعلان کردیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات کا انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 میں منتخب ہونے والے 52 سینیٹر آج ریٹائر ہورہے ہیں جس کے بعد 48 نشستوں پر انتخابات کرائے جائیں گے۔

فاٹا کی 4 مخصوص نشستیں 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت ختم ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے سینیٹ کی کل نشستیں 100 سے کم ہوکر 96 ہوگئی ہیں۔ آج ریٹائر ہونے والے 52 سینیٹرز میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی، قائد ایوان اسحاق ڈار ، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سینیٹر رضا ربانی بھی شامل ہیں۔

ریٹائر ہونے والے سینیٹرز میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے منتخب ہونے والے 13، پاکستان پیپلز پارٹی کے 12، پی ٹی آئی کے 8، جمعیت علمائے اسلام (ف)، پی کے میپ اور نیشنل پارٹی کے دو، دو ارکان، بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت سے منتخب 6، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ فنکشنل کے ایک، ایک سینیٹر شامل ہیں۔

Exit mobile version