قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے روسی شہری کو سزا

چیچنیا میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے روسی شہری کو ساڑھے 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 سالہ نیکٹا ظہور اول کو یکم مئی 2023ء کو مذہبی عقائد پر یقین رکھنے والوں کے جذبات مجروح کرنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا، ملزم پر قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کا الزام عائد کر کے ٹرائل چلایا گیا، چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی کی ایک عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو ساڑھے 3 سال قید کی سزا سنائی۔

واضح رہے کہ 20 سالہ روسی شہری نیکٹا ظہور اول نے ایک مسجد کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کیا تھا، یہ واقعہ گروزنی سے 800 کلو میٹر دور پیش آیا، گزشتہ روز گروزنی کی عدالت نے نیکٹا ظہور اول کو جرم کا مرتکب قرار دیا، ملزم نے سزا سے پہلے کئی بار معافی مانگی اور یہ موقف اختیار کیا تھا کہ اسے اس جرم کی سنگینی اور اس کے نتائج کا اندازہ نہیں تھا۔

روسی تفتیش کاروں کی ایک کمیٹی نے ملزم نیکٹا ظہور اول کو چیچنیا منتقل کر دیا تھا، چیچنیا میں مسلمانوں کی بہت بڑی آباد رہتی ہے، تفتیشی کمیٹی کے بقول ملزم کی منتقلی کا فیصلہ ان پیغامات اور مطالبات کی بنیاد پر کیا گیا تھا جو چیچنیا سے بہت بڑی تعداد میں موصول ہوئے جن میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ملزم کے خلاف انہیں متاثرہ فریق بنایا جائے۔

Exit mobile version