ملکی برآمدات میں 5 ماہ میں ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا اضافہ

نگران حکومت نے برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ہر ماہ اضافہ کیا: حکام وزارت تجارت

وفاقی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ستمبر 2023 سے جنوری 2024  تک پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق جولائی اگست 2023 میں سالانہ بنیادوں پر ملکی برآمدات کو دھچکا لگا تھا جس کے بعد  نگران حکومت نے برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ہرماہ اضافہ کیا۔

حکام وزارت تجارت کے مطابق ستمبر 2022  میں برآمدات 2  ارب 44 کروڑ  ڈالر تھیں اور ستمبر  2023 میں برآمدات بڑھ کر 2  ارب 47 کروڑ ڈالر ہوگئیں جبکہ اکتوبر 2022  میں برآمدات 2 ارب38 کروڑ ڈالر تھیں جو اکتوبر 2023 میں برآمدات بڑھ کر 2 ارب 69کروڑ ڈالر ہوگئیں، نومبر 2022 میں برآمدات 2 ارب 39کروڑ ڈالر تھیں جو نومبر2023 میں 2 ارب57کروڑ ڈالر ہوگئیں۔

حکام کے مطابق دسمبر  2022 میں ملکی برآمدات 2 ارب 31کروڑ ڈالر تھیں جو دسمبر 2023 میں 2 ارب81 کروڑ ڈالر  رہیں، اس طرح جنوری 2023 میں برآمدات 2 ارب 19کروڑ ڈالر تھیں جو  جنوری 2024 میں 2 ارب 78کروڑ ڈالر ہوگئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جنوری میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں تقریبا 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

مزید برآں وزارت تجارت کے حکام  کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹرکو 9 سینٹ ٹیرف پربجلی فراہمی کیلئے کوششیں جاری  ہیں جس سے ملکی برآمدات میں مزید اضافہ ہو سکے گا۔

Exit mobile version