وزیراعلیٰ کا گوجرانوالہ، راولپنڈی اور فیصل آباد کے سیف سٹیز کا سول ورکس 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گوجرانوالہ، راولپنڈی اور فیصل آباد کے سیف سٹیز کا سول ورکس 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت سیف سٹیز ہیڈ کوارٹرز میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس،تھانوں کی اپ گریڈیشن اور17 چھوٹے شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آبادسیف سٹی پراجیکٹس کے سول ورکس کو 31دسمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں
ان منصوبوں میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے،31دسمبر تک تینوں منصوبوں کے مرکزی ہال اورڈیٹا سینٹر کا سول ورکس مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تینوں پراجیکٹس کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹس بھی طلب کرلیں۔محسن نقوی نے کہا کہ کمشنرز اور آرپی اوز باقاعدگی سے پراجیکٹس کے وزٹ کر کے ڈیلی رپورٹس پیش کریں،سول ورکس مکمل ہونے کے بعد آلات کی تنصیب کا کام جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے،فیصل آباد میں 600،گوجرانوالہ میں 700 اور راولپنڈی میں 750کیمرے سیف سٹی پراجیکٹس کے ساتھ منسلک ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 17چھوٹے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ "ڈی آئی سی تھری”پر بھی جلد کام کا آغاز کیا جائے،پنجاب کے 737تھانوں کی اپ گریڈیشن کے امور بھی جلد آگے بڑھائے جائیں،31جنوری تک تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونا چاہئے ۔