بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی، صدر مملکت کی حاضری

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی، مزار قائد پر پاکستان ملٹری اکیڈمی (کاکول) کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چوہدری تھے۔مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔صدرِ مملکت عارف علوی نے مزار قائد پر حاضری دی۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صدر عارف علوی کا مزار قائد آمد پر استقبال کیا۔نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ، گورنر اور صدرِ پاکستان نے بانی پاکستان کے مزار پر پھول رکھے اور دعا کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قائد اعظم جیسے عظیم رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ہمیں قائد اعظم کی رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے اس ملک کی بلا تفریق خدمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم چاہتے تھے یہ ملک معاشیٟ اور معاشرتی اعتبار سے دنیا کی طاقت بنے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا ایک سو سینتالیس واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے اصولوں پر عمل ہے۔

اشتہار
Back to top button