مقبوضہ مغربی کنارےمیں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری ہے ، غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالوں میں سے چار جنین میں، ایک مغربی کنارے کے شمال میں واقع قصبے قباطیہ میں اور ایک فلسطینی جنوبی علاقے البیرہ میں جان کی بازی ہارگیا ۔
رام اللہ میں بھی اوفر قید سینٹرکےباہراپنے پیاروں کی رہائی کے منتظرفلسطینیوں پراسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین افرادزخمی ہوگئے، جنین میں بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ شہرمیں گھسنے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چار فلسطینی شہید ہوئے۔
عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نےسرکاری اسپتالوں اور ریڈ کریسنٹ ہیڈ کواٹرز کا محاصرہ کررکھا ہے۔عینی شاہدین نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے ہفتے کی شام جنین شہر پر ایک فوجی بلڈوزر کے ساتھ دھاوا بول دیا، اس کے ماہر نشانچی عمارتوں کی چھتوں اور جینن کیمپ کے مضافات میں تعینات کیے گئے جس کے بعد انہوں نے فلسطینیوں پر حملے کیے۔
عرب میڈیا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ جنین گورنمنٹ ہسپتال اور ابن سینا ہسپتال کے ارد گرد فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، جنین کی فضائی حدود میں ڈرون کو پرواز کرتے دیکھا گیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ پر دھاوا بول کر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے، اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر البیرہ میں گولیاں مار کر ایک سولہ سالہ لڑکے کو شہید کر دیا۔
وزارت صحت اور ہلال احمر سوسائٹی نے رپورٹ کیا کہ مغربی کنارے کے مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ مغربی کنارے کے جنوب میں واقع دورا شہر میں فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔
حال ہی میں اقوام متحدہ کے مطابق مغربی کنارے میں تقریباً 20 سالوں میں سب سے زیادہ پرتشدد اسرائیلی کارروائی کا مشاہدہ کیا گیا جس میں 14 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مغربی کنارے میں 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔