بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سفیر مسعود خان کا پاکستان کیخلاف قانون سازی ناکام بنانے پرامریکی قانون سازوں سے اظہار تشکر

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان  سے ملاقاتوں کے دوران  متعدد  اہم امریکی سینیٹرز اور اراکین   کانگریس نے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم  بنانے  اور خصوصاً  تجارت اور سرمایہ کاری، قابل تجدید توانائی، موسمیاتی تبدیلی، علاقائی سلامتی اورعوامی روابط  کو فروغ دینے کے لیے موجودہ تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

گذشتہ ہفتے کے دوران سفیر پاکستان  مسعود خان نے متعدد امریکی قانون سازوں جن میں سینیٹر بل ہیگرٹی، سینیٹر جون اوسوف،   رکن کانگریس  جم بینکس، شریک چیئرمین پاکستان کانگریشنل کاکس، کانگریس وومن مارسی کیپٹر،  رینکنگ ممبر برائے کانگریس ذیلی کمیٹی برائے انرجی، واٹر ڈویلپمنٹ  اور رکن کانگریس  جیسن کرو سے ملاقات کی۔

علاوہ ازیں   سفیر پاکستان  نے  متعدد  امریکی قانون سازوں کو بھی خطوط لکھے جس میں ایوان میں پاکستان کی امداد روکنے کے حوالے سے پیش کی جانے والی ترمیم کے خلاف  حالیہ ووٹنگ کے دوران ان

کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔ یہ ترمیم سٹیٹ فارن آپریشنز اینڈ ریلیٹڈ پروگرامز  ایکٹ 2024 میں متعارف کرائی گئی تھی ۔سینیٹر بل ہیگرٹی سے ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں  پاک امریکہ  تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے  تبادلہ خیال کیا۔

ریاست جارجیا سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر جون اوسوف سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جارجیا اور صوبہ سندھ کے درمیان سسٹر پراونس  تعلقات کے حوالے سے دونوں فریقین نے تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور عوام کے درمیان  روابط  کو فروغ دینے کے حوالے سے   تمام ممکنات سے استفادہ کرنے کے ضمن میں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

مسعود خان نے کانگریس مین جم بینکس، شریک چیئر پاکستان کانگریشنل کاکس،  کے ساتھ ایک نتیجہ خیز ملاقات کی۔ انہوں نے کاکس  کی  قیادت اور کانگریس میں پاکستان کی پرعزم حمایت پر رکن کانگریس  کا شکریہ ادا کیا۔

مسعود خان نے رینکنگ ممبر ہاؤس اپروپریشنز سب کمیٹی برائے انرجی اینڈ واٹر ڈویلپمنٹ کانگریس وومن مارسی کیپٹرسے بھی ملاقات کی اور دفاع، سائنس اور ٹیکنالوجی، تعلیم، قابل تجدید توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور عوام کے درمیان رابطوں میں پاک امریکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

رکن کانگریس  جیسن کرو سے ملاقات کے بعد سفیر پاکستان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ملاقات میں  پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے  پر تبادلہ خیال ہوا تاکہ وسیع البنیاد تجارت، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی پارٹنرشپ کو  مزیدتقویت ملے۔

نمائندہ جیسن کرو نے  بھی  اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ملاقات میں علاقائی سلامتی، افغانستان اور اقتصادی ترقی  کے حوالے سے پاک امریکہ   تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر پاکستان مسعود خان   نے امریکی رکن کانگریس مائیک میک کاول، چیئرمین ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی، کانگریس وومن شیلا جیکسن لی، چیئرپرسن کانگریشنل پاکستان کاکس، رکن کانگریس ڈین فلپس ، کانگریس وومن باربرا  لی، کانگریس  وویمن میری لین سٹرک لینڈ،  خاتون رکن میلانیا سٹینسبری اور رکن  کانگریس لانس گڈن کو بھی خطوط لکھے ہیں اور پاکستان کی امداد پر پابندی لگانے کے حوالے سے پیش کی جانے والی ترمیم کو ناکام بنانے پر ان کی دور اندیشی کو سراہا۔

امریکی قانون سازوں کے نام اپنے خط میں سفیر پاکستان نے  لکھا کہ ہم آپ کی جانب سے حمایت پر مشکور ہیں جس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ترمیم کے خلاف ووٹ کو دو طرفہ حمایت حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایف او پی ایس کے تحت مختص کی جانے والی امداد اقتصادی تعاون، انسداد منشیات، انسداد دہشت گردی، فوجی تعلیم کی تربیت اور صحت کے پروگراموں سمیت تعاون کے اہم شعبوں میں جائے گی۔

سفیر پاکستان نے مزید لکھا کہ  آنے والے وقت میں ہم پارلیمانی تبادلوں اور دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے مزید محنت کریں گے اور اس کاوش میں ہمیشہ آپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

اشتہار
Back to top button