شمال مشرقی امریکی ریاست میں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نیویارک کے کچھ حصے زیر آب آگئے جہاں امریکی مالیاتی دارالحکومت میں سب ویز اور ایئر پورٹس جزوی طور پر مفلوج ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق لاگارڈیا ایئرپورٹ نے اپنا ایک ٹرمینل بند کر دیا جب کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں مسافروں کو کئی انچ پانی پانی سے گزرتے دیکھا گیا۔سڑکیں بند ہونے اور سب وے سٹیشن زیر آب آنے کے بعد نیو یارک کے میئر ایرک ایڈمز نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ باہر نہ نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ گھر پر ہیں تو گھر پر ہی رہیں، اگر آپ کام کی جہ یا اسکول میں ہیں تو ابھی وہیں رکے رہیں، کچھ سب ویز زیر آب ہیں اور شہر میں سفر کرنا بہت مشکل ہے۔نیویارک کی جاری تصاویر میں دکھایا گیا کہ کاریں آدھی ڈوبی ہوئی ہیں اور ٹریفک کی روانی میں خلل ہے جب کہ کچھ بڑی سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں۔ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ سیلاب زدہ اسٹورز میں دکاندار اپنے سامان کو بچانے اور نکاس آب کی کوشش کر رہے تھے۔
بارش کے پانی کے باعث نیو یارک کا سب وے سسٹم بھی متاثر ہوا اور بروکلین میں کئی لائنیں بند ہو گئیں۔شہر کے ماحولیاتی تحفظ کے کمشنر روہت اگروالا نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اس رفتار سے بہت زیادہ تیزی سے بڑھی جس رفتار سے شہر میں کام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بدلتے موسم کا یہ انداز موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے اور افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی اس رفتار سے بہت تیز ہے کہ ہمارا انفراسٹرکچر اس کے خلاف مزاحمت کرسکے۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے 85 لاکھ نفوس کی آبادی پر مشتمل شہر، مشرق میں لانگ آئی لینڈ اور شمال میں دریائے ہڈسن کی وادی سمیت گنجان آباد مضافاتی علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔نیشنل ویدر سروس نے جمعے کے آخر تک دو انچ (5.1 سینٹی میٹر) فی گھنٹہ بارش کی پیش گوئی کے ساتھ سیلابی صورتحال سے خبردار کیا۔اس میں کہا گیا کہ جمعہ کو برساتی پانی کی سطح سات انچ (18 سینٹی میٹر) تک پہنچ سکتی ہے جب کہ سیلابی صورتحال کی وارننگ دی گئی۔
نیو یارک سٹی کے ایمرجنسی مینجمنٹ کمشنر نے زور دیا کہ اگر آپ کسی اپارٹمنٹ کے تہہ خانے میں رہتے ہیں تو یقینی بنائیں کہ آپ اونچے مقامات پر منتقل ہونے کے لیے تیار ہیں۔نیو یارک میں دنیا کے سب سے بڑے سب ویز میں سے ایک سسٹم موجود ہے جس میں 420 اسٹیشن اور 30 سے زیادہ لائنیں ہیں جس کے بعد اسٹیشن موسلا دھار کے باعث زیر آب آگیا۔