بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

آشوب چشم کے بڑھتے کیسز، پنجاب میں تمام تعلیمی ادارے اتوار تک بند

پنجاب کے سکولوں کی تعلیم کے محکمے نے آشوب چشم کی وبا کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر صوبے کے تمام سرکاری اور نجی سکول اتوار تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔یہ فیصلہ بچوں کو آشوب چشم کی وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق تمام سکول پیر سے دوبارہ کھلیں گے اور اس وبا سے بچنے کیلئے سکولوں کی تعلیم نے محکمے کی جانب سے جاری کی گئی حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جائے گا۔

دریں اثنا آشوب چشم پھیلنے پر ماہرین نے کہا ہے کہ آشوب چشم میں مبتلا افراد سیاہ چشمے پہنیں، مصافحہ کرنے سے گریز کریں اور فوری طور پر اپنا بستر اور برتن الگ کر لیں۔انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیس عکاسی کر رہے ہیں کہ یہ بیماری ہر عمر کے افراد کو متاثر کر رہی ہے۔سکول جانے والے بچوں کی بڑی تعداد کو آنکھوں میں جلن کی شکایت ہے کیونکہ سکول میں ابتدائی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جا رہی ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مرض گنجان آباد جگہوںمثلاً کارخانوں، بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ پلازوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں لوگوں کو ناسازگار ماحول کا سامنا رہتا ہے۔آشوب چشم ایک عام اور متعدی بیماری ہے جو پلکوں اور آنکھوں کے دیدے کو متاثر کرتی ہے۔تاہم یہ انفیکشن قابل علاج ہے اور متاثرہ افراد کو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔

مزید پڑھیے  روایتی کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کا فروغ ضروری ہے، صدرمملکت
Back to top button