بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نیدرلینڈز میں قرآن پاک کی ایک بار پھر بے حرمتی پر پاکستان کی شدید مذمت

پاکستان نے نیدرلینڈز میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے نفرت انگیز اور اسلاموفوبیا کے اقدامات کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں پاکستان سمیت اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے تازہ ترین حواس باختہ اور انتہائی جارحانہ حرکت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جان بوجھ کر اشتعال انگیز اور اسلامو فوبیا کے اقدامات سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور اس طرح کی حرکتیں آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں نظرانداز نہیں کی جاسکتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ نیدرلینڈز کے حکام کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور ایسی نفرت انگیز اور اسلامو فوبیا کے اقدامات روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔

مزید کہا گیا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اظہار کی آزادی ذمہ داری کے ساتھ ہوتی ہے، قومی حکومتوں کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے والی نسل پرستانہ اور اسلامو فوبیا کی کارروائیوں کو سختی کے ساتھ روک دینا چاہیے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کے لیے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 2022 میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے لیے منظور کی گئی قرارداد کے پیچھے بنیادی فلسفہ یہی تھا۔

اشتہار
Back to top button