اسرائیل کی سعودی عرب کو قومی دن پر مبارکباد

اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کے ساتھ ہی چھ سے سات مسلم ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے۔اپنے ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیرخارجہ نے زور دیا کہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والے چھ یا سات ممالک کا تعلق ایشیا اور افریقا سے ہوگا۔

ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی یہ بات انتہائی اہم ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ امن کا مطلب مسلم دنیا اور یہودیوں کے درمیان امن ہے۔ایلی کوہن نے کہا کہ انہوں نے کئی ایسے مسلم ممالک کے اہلکاروں سے ملاقات کی ہے جن کے ممالک اور اسرائیل کے درمیان کوئی رسمی تعلق نہیں۔

کوہن نے پچھلے ماہ انکشاف کیا تھا کہ ان کی لیبیا کی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے جس پر نجلا منقوش کو نہ صرف عہدہ بلکہ ملک چھوڑنا پڑگیا تھا اوراب ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب کے قومی دن پر اسرائیل کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی، اسرائیل کا کہنا تھا کہ وہ سعودی شاہ، سعودی حکومت اور عوام کو مخلصانہ مبارک باد پیش کرتا ہے۔اسرائیلی وزارت خارجہ نے خواہش ظاہر کی کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن، تعاون اور اچھے ہم سائیگی کا ماحول قائم ہو۔

 

Exit mobile version