امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ عالمی تنازعات سے تقریباً ایک ارب لوگ متاثر ہو رہے ہیں، امریکا سب کے لیے محفوظ، خوشحال، مساوی دنیا کا خواہاں ہے۔ صدر بائیڈن نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا مستقبل آپ سب سے وابستہ ہے۔ کوئی قوم بھی حالیہ چیلنجوں کا تنہا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ موجودہ مسائل کے حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں درکار ہیں۔ میں بطور امریکی صدر اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہوں۔امریکی صدر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ عالمی امن کے لیے اپنا کردار جاری رکھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے اہداف پر عمل درآمد کیلئے تیزی لانی ہوگی۔ موسمیاتی تبدیلیاں انسانیت کے لیے خطرہ ہیں۔صدر بائیڈن نے کہا کہ یوکرین کی جنگ غیر قانونی ہے۔ روس یوکرین کے معاملے میں تنہا ہے۔ روس کا خیال ہے دنیا اسے یوکرین میں ظلم کی اجازت دے دےگی۔ روس کو اس معاملے میں چھوڑ دیا جائے تو کیا کسی بھی قوم کی آزادی محفوظ رہ سکےگی؟امریکی صدر نے مزید کہا کہ انسانی حقوق اور خودمختاری اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی نکات ہیں، اقوام متحدہ کو یوکرین میں روس کی جارحیت کے خلاف کھڑا ہوناچاہیے۔