بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آج بھی عمران خان اور بین الاقوامی اداروں کی وجہ سے پاکستان متعدد مسائل سے دوچار ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج بھی عمران خان اور بین الاقوامی اداروں کی وجہ سے پاکستان متعدد مسائل سے دوچار ہے لیکن صرف عمران خان کو بند کرنے سے ملک کے تمام مسائل حل نہیں ہوئے۔پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح اوکاڑہ کے عوام پیپلز پارٹی کے لیے نکلے تو پتا چلا کہ کیا وجہ تھی کہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو اوکاڑہ کو منی لاڑکانہ کہتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت کی وجہ سے سابق سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ صرف عمران خان کو بند کرنے سے ہم نے ملک کے تمام مسائل حل کر دیے ہیں، آج بھی عمران خان اور بین الاقوامی اداروں کی وجہ سے پاکستان متعدد مسائل سے دوچار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہی ملک کو معاشی و سیاسی بحران سے نکال سکتی ہے، ایک ہی جماعت ہے جو آج کے مسائل کے مطابق حل تلاش کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاہے پارلیمان کے اجلاس ہوں، اقوام متحدہ کے اجلاس ہوں یا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی بورڈ میٹنگ ہو، پیپلز پارٹی یہ خیال رکھے گی کہ کسی فیصلے سے عوام پر کیا بوجھ پڑے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 2009 میں جب معاشی ذمہ داری سونپی گئی اور حکومت کی ذمہ داری پیپلز پارٹی کے پاس تھی تو بھی معاشی بحران تھا، مہنگائی کی سونامی تھی اور دنیا میں کساد بازاری چل رہی تھی، لیکن اس وقت پیپلز پارٹی ہی تھی جس نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی پروگرام شروع کیا، وہ پیپلز پارٹی ہی تھی جس نے ملک کے بحران کو سمجھا اور کہا کہ معاشی بحران ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مری ہوئی معیشت کو زندہ کرنا ہے۔

انتخابات کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے اب یہی کہتے ہیں کہ انتخابات کی تاریخ دے دیں تاکہ ہم مہم شروع کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کا مطالبہ پیپلز پارٹی کا بھی رہا ہے، مزید کہا کہ پارٹی کو دیوار سے نہیں لگایا جارہا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ کے حوالے سے اعتراضات اٹھانے کا اختیار سابق صدر آصف علی زرداری کو دیا ہے، ہماری آصف زرداری سے درخواست ہے کہ ہمارے ہاتھ نہ باندھے جائیں، ہم دیوار سے لگنے نہیں دیں گے۔قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس آف پاکستان کے منصب پر آنے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک طاقت ور عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، اور یہ بات قاضی فائز عیسیٰ نے ثابت کر دی جو کہ بہت مثبت اقدام ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ بھی اپنے ادارے کے لیے ایک ایسی مثال قائم کریں گے جیسے ہم نے ’میثاق جمہوریت‘ طے کرکے سیاسی اصول تشکیل دیے تھے۔

اشتہار
Back to top button