مولانا فضل الرحمان سینئر سیاست دان ہیں، ان کے بیانات کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں، ان کے بیانات کی تفصیل میں نہیں جانا چاہوں گا، پیپلز پارٹی 60 دن میں بھی الیکشن کروانے کیلئے تیار تھی اور اب 90 روز میں بھی تیار ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر زرداری نے ساڑھے 11 سال سزا کے بغیر جیل میں گزارے، جو آج جیل جا رہے ہیں ان کو ہم حوصلہ دے رہے ہیں کہ گھبرانا نہیں، ابھی آپ کی ٹریننگ چل رہی ہے، آپ کو ابھی سیاستدان بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تاجر برادری سے ملاقات کوئی نئی خبر نہیں، پہلے بھی ایسا چلتا رہا ہے، ملک کا سب سے کم عمر وزیر خارجہ رہا ہوں، پوری دنیا دیکھی، عوام کو مسائل سے نکالنے کیلئے جدوجہد کرنی چاہیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی گزشتہ 4 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ثابت کی، ڈسکہ کے الیکشن میں الیکشن کمیشن نے دھاندلی پکڑی، الیکشن کمیشن آج بھی ہمیں صاف اور شفاف انتخابات کروا کے دے گا، ہماری پارٹی کے مطابق انتخابات 90 روز میں ہونے چاہئیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیب سے نہ ماضی میں ڈری نہ اب ڈرے گی، پیپلز پارٹی کا فوکس اپنے کام پر تھا کیسز پر نہیں، ہم کارکن سے لے کر قیادت تک عدالت کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہیے، الیکشن کمیشن کو یہ بھی دیکھنا چاہیے ملک میں دوغلی پالیسی کیوں چل رہی ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں تمام افسران قابل ہیں، الیکشن کمیشن نے غیر آئینی و غیر قانونی اعلان کیا کہ ڈویلپمنٹ فنڈز کو روکا جائے، جو سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کام چل رہا تھا اس کو روکا گیا، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جو کام روکا گیا اس کو بحال کیا جائے، سندھ کے ساتھ اور انتظامیہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے اس پر غور کرنا چاہیے۔