کھیل
ایشیا کپ، بارش کے باعث کولمبو کے میچز ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کے فیصلے کی تبدیلی پر ذکا اشرف کا احتجاج
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی عبوری کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے ایشیا کپ کے سری لنکا میں ہونے والے میچز کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقلی کا فیصلہ تبدیل کرنے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ پاکستان ایونٹ کے میزبان ہونے کے باوجود آخر اس طرح کے یکطرفہ فیصلے کون کر رہا ہے۔
ذکا اشرف نے ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ کو خط لکھ کر کونسل میں کیے گئے فیصلوں میں غیرپیشہ ورانہ رویے پر بورڈ کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے شیڈول کو حتمی شکل دیے جانے سمیت متعدد مقامات پر سری لنکا میں میچز کے لیے منتخب مقامات میں بارش کی پیش گوئی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔