کیلاش میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کے علاقے کیلاش میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 12 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ’جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ نے ضلع چترال کے علاقے کیلاش میں افغانستان کی سرحد کے قریب قائم فوج کی دو چوکیوں پر حملہ کیا‘۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان کے صوبے نورستان اور کنڑ کے علاقوں گواردش، پیتگال، بارغ متل اور بتاش میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں کا پہلے ہی سراغ لگایا گیا اور افغانستان کی عبوری حکومت کو بروقت آگاہ کردیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے حملوں کے خطرے کے باعث سیکیورٹی اہلکار ہائی الرٹ تھے اور اہلکار بہادری سے لڑے اور دہشت گردوں کے حملے پسپا کر کے بھاری نقصان پہنچایا۔
کارروائی کے بارے میں بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا اور بڑی تعداد میں دہشت گرد زخمی بھی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور سپاہیوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ چترال کے بہادر عوام بھی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں کو علاقے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنے وعدے پورے کرے گی اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔