بھارتی کرکٹ بورڈ کے وفد کے اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور میں عشائیے کا اہتمام

بھارتی کرکٹ بورڈ کے وفد کے  اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔عشائیے میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان ،چیئر مین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف ، پاکستان، افغانستان، سری لنکا اور بنگلادیش کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی تقریب میں بی سی سی آئی کے صدر روجر بنی ، نائب صدر راجیو شکلا ،ڈائریکٹربی سی سی آئی یودھویرسنگھ اور سیکرٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر راجیوشکلا نے کہا کہ وہ کئی بار لاہور آئے ہیں ، یہاں کی مہمان نوازی، لوگوں کا پیار آپ کو حیران کر دیتا ہے کرکٹ لوگوں کو قریب لاتی ہے۔دوسری جانب چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے گورنر ہاؤس میں ہونے والے عشائیے سے خطاب میں کہا کہ کرکٹ محبت کا کھیل ہے،کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں محبت پھیلا تی ہے،آپ نے دیکھا کہ کینڈی میں پاک  بھارت کےمیچ کے بعد پاکستان اور بھارتی کھلاڑی بھائیوں کی طرح ملے۔

تقریب میں پاکستان آل راؤنڈر شاداب خان، شاہین آفریدی اور امام الحق کی راجیو شکلا سے خوشگوار انداز میں ملاقات ہوئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز  بھارتی کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد ایشیا کپ کے میچ دیکھنے پاکستان پہنچا۔پاکستان پہنچنے والے بھارتی بورڈ کے وفد میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی، نائب صدر راجیو شکلا، ڈائریکٹر بی سی سی آئی اور سیکرٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم شامل ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد دو روزہ دورے پر پاکستان آیا ہے، بھارتی وفد ایشیا کپ کے 5 اور 6 ستمبر کے میچز بھی دیکھےگا۔ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائےگا، ایونٹ کے 9 میچز سری لنکا اور 4 میچز پاکستان میں ہوں گے۔سپر 4 پلے آف کے میچز 6 سے 15 ستمبر تک ہوں گے جبکہ 17 ستمبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل کولمبو میں کھیلا جائےگا۔

Share Post

Exit mobile version