ایشیا کپ، دفاعی چیمپئن سری لنکا نے بنگلہ دیش کو شکست دیدی

ایشیا کپ میں گروپ بی کے میچ میں ہوم ٹیم سری لنکا نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پالی کیلے میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلادیشی ٹیم 164 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ سری لنکا نے 165 رنز کا ہدف 39ویں اوور میں پورا کرلیا۔

ایشیا کپ میں گروپ بی کے پہلے میچ میں میچ میں بنگلادیشی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔میزبان سری لنکا نے ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بنگلادیشی ٹیم کو 164 رنز پر ہی آل آؤٹ کردیا۔

بنگلادیش کی جانب سے نجم الحسن شنٹو نے 89 رنز بنا کر سری لنکن بولرز کی گھومتی ہوئی گیندوں کا مقابلہ کیا۔ توحید ہردوئے 20، محمد نعیم نے 16 اور مشفق الرحیم نے 13 رنز بنائے جبکہ انکے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

سری لنکا کی جانب سے متھیشا پتھیرانا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہیش تھیکشنا نے دو اور دھننجیا ڈی سلوا، دونتھ ویلالاگے اور داسن شناکا نے ایک ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش نے سری لنکا کے دو کھلاڑیوں کو 15 کے مجموعے پر پویلین لوٹایا، جبکہ تیسری وکٹ 43 کے مجموعے پر حاصل کرلی۔

اس وقت ایسا محسوس ہورہا تھا کہ بنگلادیش میچ میں واپسی کرے گی، لیکن سمارا وکراما اور چریتھ اسالانکا کی شاندار پارٹنرشپ نے سری لنکا کی میچ میں گرفت مضبوط کردی۔ سمارا وکراما 54 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے، لیکن اس وقت تک سری لنکا پہلے کمانڈنگ پوزیشن پر آچکی تھی۔

چریتھ اسالانکا نے 62 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایشیا کپ میں پہلی کامیابی دلوائی۔ بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن نے دو جبکہ تسکین احمد، شورف الاسلام اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Exit mobile version