بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جڑانوالہ واقعہ ناقابل برداشت اور انتہائی افسوسناک ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعے کو انتہائی افسوس ناک اور ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آئی ایس پی آر  انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کیا۔

اس موقع پر  آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، نوجوان سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کا فرق سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کیلئے برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ قومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوان ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے  ہیں۔خطاب میں آرمی چیف نے ملک میں انارکی اور  بدامنی پھیلانے اور عوام میں دراڑ ڈالنے والوں کا بھی ذکر کیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق پروگرام میں پاکستان بھر سے 370 طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔آرمی چیف نے انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کو سراہا۔

مزید پڑھیے  سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد مارے گئے
Back to top button