بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دہشت گردی سے نمٹنےکے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، امریکا

 امریکا کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنےکے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ  ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم  جانتے ہیں کہ پاکستان میں حکومت تحلیل کردی گئی ہے، عبوری وزیراعظم  اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کرکام کرنےکو تیار  ہیں،ہم پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان سے شراکت داری جاری رکھیں گے، پاکستان میں معاشی استحکام، خوشحالی اور  سلامتی چاہتے ہیں، پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں، پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ  افغانستان پر تفصیلی بات چیت کے لیے پاکستانی قیادت سے رابطے میں ہیں، پاکستان سے انسداد دہشت گردی پر مذاکرات اور مشاورت جاری ہے، علاقائی استحکام کو لاحق خطرات سے نمٹنےکے لیے پاک امریکا مفادات مشترکہ ہیں۔

ترجمان نےکہا کہ عسکریت پسندوں اور دہشت گردگروپوں سے نمٹنےکے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنےکو  تیار ہیں، ہم دہشت گردی سے نمٹنےکے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، قانون کی حکمرانی کے تحت شہریوں کی حفاظت اور تحفظ کویقینی بنایا جائے۔

اشتہار
Back to top button