خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم خوشاب کے زیر اہتمام بھی ریلی نکالی گئی ۔ جس کی قیادت مینیجر میڈم ام فروا ہمدانی نے کی ۔
شرکاءےریلی نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے ۔ ریلی میں ادارہ ہذا کے ٹیچنگ سٹاف اور طالبات نے بھرپور شرکت کی ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کشمیریوں کا حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے ۔ مقررین نے کہا کہ انشاءاللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
