9مئی کے واقعات فوج اور سپہ سالار کیخلاف سازش تھے، سرغنہ چیئرمین پی ٹی آئی تھا، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے 9 مئی کے واقعات پاکستان، افواج پاکستان اور سپہ سالار کے خلاف سازش تھے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا 9 مئی کی سازش کا سرغنہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا 9 مئی کی سازش میں خواتین، مرد، سیاسی جتھہ، کچھ فوجی اور ان کے خاندان شامل تھے، 9 مئی کی سازش کرنے والوں کی کوشش تھی کہ فوج کا تختہ الٹ دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کی سازش کرنے والے پاکستان میں انارکی اور خانہ جنگی چاہتے تھے۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے القادر ٹرسٹ منی لانڈرنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ کی گئی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور یادگار شہدا کی بیحرمتی کی گئی۔
9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں نے پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی سے اپنی راہیں جدا کر لیں، کچھ پی ٹی آئی رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی استحکام پاکستان پارٹی جوائن کر لی جبکہ پرویز خٹک اور محمود خان نے پی ٹی آئی پارلیمینٹیرین کے نام سے پارٹی قائم کر لی۔