پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر اسپیشل پروجیکٹس ڈپارٹمنٹ میں منتقل کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب اس سے قبل سابق چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا بھی یہی حشر کیا گیا تھا۔
یہ تبدیلیاں بورڈ کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی ہدایت پر فوری طور پر کی گئیں۔
فیصل حسنین کو گزشتہ سال اس وقت چیف ایگزیکٹو تعینات کیا گیا تھا جب رمیز راجا چیئرمین تھے اور پی سی بی کے 2014 کے آئین کی بحالی کے بعد اس بات کا تعین نہیں ہو سکا تھا کہ وہ کس حیثیت سے بورڈ میں کام کر رہے تھے کیونکہ بحال شدہ آئین میں مذکورہ عہدہ شامل نہیں ہے۔
اپنے عہدے کے بارے میں بےیقینی کے باوجود فیصل حسنین سابق عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے ماتحت معاملات میں سب سے آگے رہے تھے جنہوں نے اس سال جنوری میں رمیز راجا کی جگہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔
تاہم، اب نجم سیٹھی کی بورڈ سے رخصتی اور اور انچارج ذکا اشرف کی جانب سے معاملات سنبھالے جانے کے بعد لگتا ہے کہ فیصل حسنین کو بورڈ کے طاقتور حلقے سے باہر دھکیل دیا گیا ہے۔
ماضی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے میڈیا ڈائریکٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے سمیع برنی 2019 سے پی سی بی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کو چلا رہے ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ بھی مزید قیام نہیں کر سکیں گے۔
میڈیا ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر اہلکار رضا کچلو کو یونٹ کا قائم مقام سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔