بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پشاور میں پولیس نے دہشتگردوں کا ایک اور حملہ پسپا کردیا

پشاور میں ایک بار پھر پولیس پر دہشت گرد حملہ ہوا ہے،  پولس کی مؤثر جوابی کارروائی سے حملہ پسپا کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقے سربند میں ریاض شہید چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کی ، تاہم چوکی میں موجود پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کر کے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا اور انہیں بھاگنے پر مجبور کیا۔

 پولیس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ایس پی کینٹ وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ 8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر چوکی کے قریب آرہے تھے، پولیس کے الرٹ ہونےکی وجہ سے دہشت گرد قریب پہنچنے میں ناکام ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی الرٹ اور بروقت جوابی فائرنگ سے دہشت گرد حملے کو پسپا کردیا، جدید آلات کی مدد سے شدت پسندوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا گیا۔

واضح رہے کہ  پشاور اور خیبر میں 48 گھنٹوں میں یہ دہشت گردوں کاچوتھا حملہ ہے جبکہ  ریاض شہید چوکی پر اس سے قبل 7 جون کو بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔

گزشتہ شب  پشاور کے مضافاتی علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن کے پولیس ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں پر شدت پسندوں نے فائرنگ کی تھی جس سے 2 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔بعد ازاں جمعرات کو خیبرکے باڑہ بازار میں تحصیل کمپاؤنڈکے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

اشتہار
Back to top button