بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ملٹری کورٹس میں شہریوں کے ٹرائل کیخلاف کیس، حکومت کی فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا

ملٹری کورٹس میں شہریوں کے ٹرائل کےخلاف کیس میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا کر دی۔سپریم کورٹ میں ملٹری کورٹس میں عام شہریوں کے ٹرائل کے خلاف کیس میں  وفاقی حکومت نے تحریری جواب جمع کروا دیا۔31 صفحات پرمشتمل جواب اٹارنی جنرل کی جانب سے جمع کروایا گیا ہے جس میں فوجی عدالتوں کے خلاف درخواستیں ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت کے جواب میں کہا گیا ہےکہ درخواست گزار  ہائی کورٹس سے رجوع کرسکتے ہیں، آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ  آئین پاکستان سے پہلے سے موجود ہیں، ان دونوں ایکٹ کو  آج تک چیلنج نہیں کیا گیا، آرمی اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کیے گئے اقدامات قانون کے مطابق درست ہیں، سپریم کورٹ براہ راست اس کیس کو نہ سنے، فوجی عدالتوں کے خلاف کیس فل کورٹ کو سننا چاہیے۔

وفاقی حکومت کا موقف ہےکہ کیس کی سماعت کرنے والے جسٹس یحییٰ آفریدی بھی فل کورٹ بنانے کی رائے دے چکے ہیں،9 مئی کو فوجی تنصیبات کو منظم انداز  میں نشانہ بنایا گیا، 9 مئی کے  واقعات میں منصوبہ بندی  سے  مسلح افواج کو نشانہ  بنایا گیا، 9 مئی کو صرف پنجاب میں 62 واقعات ہوئے،کور کمانڈر ہاؤس لاہور  اور جی ایچ کیو کو نشانہ بنایا گیا، پی اے ایف میانوالی اور  آئی ایس آئی فیصل آباد آفس کو  بھی نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں 2 ارب 53 کروڑ 91لاکھ سے زائد کا نقصان ہوا، فوجی تنصیبات کو1 ارب 98 کروڑ 29 لاکھ سے زائد کا نقصان ہوا۔

مزید پڑھیے  سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی فوری عہدے پر بحالی کی درخواست مسترد

حکومت کا کہنا ہے کہ دفاعی تنصیبات اور فوجی دفاترپر حملہ براہ راست قومی سلامتی کا معاملہ ہے، غیرملکی طاقتیں پاکستان کی قومی سلامتی اور فوج کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، کلبھوشن جادھو  اور شکیل آفریدی کے واقعات اس بات کے ثبوت ہیں۔

خیال رہے کہ فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کا معاملے پر صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی گئی ہے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے صدر  سپریم کورٹ بار کی درخواست کو نمبر الاٹ کردیا ہے، سپریم کورٹ کا 6 رکنی لارجر  بینچ کل درخواست پر سماعت کرے گا۔

Back to top button