جوکووچ ومبلڈن ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام، الکاریز نے پہلا گرینڈ سلیم اعزاز جیت لیا
سپین کے نوجوان ٹینس اسٹار کارلوس الکاریز نے ومبلڈن ٹینس کے فائنل میں سربیا کے نوواک جوکووچ کو شکست دیکر اپنے کیرئیر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
کارلوس الکاریز اور نوواک جوکووچ کے درمیان ومبلڈن کا فائنل 4 گھنٹے 42 منٹ تک جاری رہا، کارلوس الکاریز نے پہلا ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پہلا سیٹ ہارنے کے بعد کارلوس الکاریز نے کھیل میں بہترین واپسی کی اور 5 سیٹس پر مشتمل فائنل میں تین سیٹ جیت کر ٹینس اسٹار جوکووچ کو شکست سے دوچار کیا۔
اس موقع پر الکاریز کا کہنا تھا جب سے پیدا ہوا تو اس وقت سے جوکووچ کو ٹینس ٹورنامنٹ جیتتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
الکاریز کا کہنا تھا جوکووچ نے مجھے بہت متاثر کیا ہے یہ بہت ہی شاندار کھلاڑی ہیں، میں نے جوکووچ کو ٹینس کھیلتے دیکھ کر ہی ٹینس کھیلنا شروع کی اور آج ان کے خلاف میچ جیت کر بہت ہی اچھا محسوس ہو رہا ہے۔
الکاریز کی جیت کا اسکور ایک چھ، سات چھ، چھ ایک، تین چھ اور چھ چار رہا۔ برطانیہ کی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کارلوس الکاریز کو ومبلڈن ٹرافی پیش کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ 4 ومبلڈن گرینڈ سلیم نواک جوکووچ کے نام رہے، جوکووچ نے 2018، 2019، 2021 اور 2022 کی ومبلڈن ٹرافیز اپنے نام کیں، 2020 کا ومبلڈن ٹورنامنٹ کورونا کے باعث نہیں ہو سکا تھا۔
اس کے علاوہ 2008 کے بعد یہ پہلا گرینڈ سلیم ہے جو 5 سیٹس تک کھیلا گیا ہے، اس سے قبل 2008 میں اسپین ہی کے رافیل نڈال نے 5 سیٹس پر مشتمل گرینڈ سلیم اپنے نام کیا تھا۔