شندور پولو کا فائنل چترال نے جیت لیا، کور کمانڈر پشاور نے انعامات تقسیم کئے
چترال میں تین روزہ شندور پولو فیسٹیول اتوار کو رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔کور کمانڈر پشاور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
میلے کے فائنل میچ میں چترال نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلگت بلتستان کو سات کے مقابلے پانچ گول سے شکست دی۔قبل ازیں سکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کیا جبکہ فرنٹیئر کور اور گلگت بلتستان کے بینڈز نے قومی ترانوں کی دھنیں پیش کیں۔
اس موقع پر مقامی فنکاروں نے وزیرستانی، چترالی، خٹک اور کیلاشی رقص بھی پیش کیا۔ پاک فوج کے پیرا گلائیڈرز اور ایس ایس جی کمانڈوز نے ایونٹ میں پیرا ٹروپنگ کے ذریعے حاضرین سے خصوصی داد وصول کی۔
آخر میں مہمان خصوصی نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں، رنرز اپ اور جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت مقامی لوگوں اور دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔