قومی ٹیم دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیت سکتی ہے، وسیم اکرم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم فیورٹ ہے، ہمارے پاس دنیا کے نمبر ون بیٹر بابراعظم کی قیادت میں ایک بہترین ون ڈے ٹیم موجود ہے۔
آئی سی سی پوڈ کاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق اسٹار فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا کہ بھارت میں ہونے والے میگا ایونٹ کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے سازگار ہوں گی، اگر تمام کھلاڑی فٹ رہے تو ان کے لیے ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم 1992 کے بعد دوسری مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کو دنیا کے نمبر ون بیٹر بابراعظم کی خدمات حاصل ہیں، اس کے علاوہ ٹیم میں محمد رضوان، امام الحق، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کی صورت میں باصلاحیت اور بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ٹیم کچھ اچھا کرے گی، پاکستان میں کرکٹ کا شوق رکھنے والا ہر شہری بابر اعظم کو فالو کرتا ہے، بابر کی کور ڈرائیو سب سے زیادہ خوب صورت ہے۔