لاہور ہائیکورٹ کا چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکنے کا حکم امتناع جاری
لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے انتخابات روکتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا۔ منگل کو جسٹس انوار حسین نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار ملک ذوالفقار کی وکیل ندا کفیل نے دلائل دیئے اور موقف اپنایا کہ بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا کر نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیرآئینی قرار دیا جائے، عدالتی فیصلہ آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔وکیل کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روکتے ہوئے حکم امتناع جاری کیا ،ساتھ ہی وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین کا انتخاب ملتوی کردیا گیا تھا۔ پی سی بی نے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لئے منگل کو لاہور میں ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا تھا۔ بورڈ کا کہنا تھا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر چیئرمین کے انتخاب کے لئے ہونے والا اجلاس ملتوی کیا گیا۔